اسلام آباد میں 13 سے 16 مارچ تک اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن کا انعقاد کرنے کا فیصلہ

لاہور (آن لائن)وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسوس ڈویلپمنٹ مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پراسلام آباد میں 13سے 16مارچ تک اوورسیزپاکستانیوں کے کنونشن کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پانچ ہزار سے زائد اوورسیز پاکستانی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ایک ہی چھت کے نیچے اسلام آباد میں ون ونڈو سروسز کا آغاز کیا جارہا ہے۔

وزیرا علی پنجاب کے معاون خصوصی براے اطلاعات حسان خاور نے کہا کہ مخدوم سید طارق محمود الحسن کی سربراہی میں او پی سی نے تین ماہ کے عرصہ میں شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے سمندر پار پاکستانیو ں کے نام پر ہمیشہ سیاست چمکائی ہے۔ جب کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجود حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔اس موقع پر وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کا ملکی اداروں پر اعتماد بڑھانے سے زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مزید بہتر تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی مخدوم سید طارق محمود الحسن اور وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور اور وائس چیئرپرسن او پی سی پنجا ب ڈاکٹر شاہد محمود نے یہاں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پریس کانفر نس میں کمشنر او پی سی سید خادم عباس، ڈائریکٹر جنرل او پی سی عشرت اللہ خان نیازی اور دیگر سنیئر آفیسران اور تمام اضلاع کے چیئرمنیوں کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسوس ڈویلپمنٹ مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے 30 یوم کے اندر نیشنل اوورسیز پالپسی کی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کی روشنی میں ہرجمعہ کو او پی سی پنجاب میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ان سے ملاقات کروں گا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایک مثالی ادارہ بن چکا ہے جہاں اوورسیز پاکستانیز کو فوری ریلیف مل جاتا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرپر سن او پی سی ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی سردار عثمان بزدار کا مشکورہوں جنہوں نے اس ذمہ داری کیلئے منتخب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب سمندر پار پاکستانیوں کیلئے انتہائی حساس اور جذباتی گوشہ رکھتے ہیں۔ انہو ں نے واضح کیا کہ میری پوری کوشش ہو گی کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی رہنمائی میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح وبہود کیلئے مزید فعال کردار ادا کروں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پنجاب اوورسیز پاکستاینز کمیشن کی ٹیم کے ہمراہ تمام اضلاع کا دورہ کریں گے تا کہ ضلعی کمیٹیوں کو مزید فعال بنا کر اوورسیز کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے سکے۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں