میں بابراعظم کو کیسے آئوٹ کروں گا؟ سابق سٹار بالر مشتاق احمد نے دلچسپ طریقہ بتا دیا

 لاہور (پی این آئی) پاکستان کے سابق سٹار بولر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ میرے لیے بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کا طریقہ صرف دعا ہی ہے۔ ایک انٹرویو میں مشتاق احمد سے سوال کیا گیا کہ اگر وہ بولر ہوں تو کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کو کیسے آوٹ کرتے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں دعا کرتا اور کہتا بابر اعظم آوٹ ہو جاؤ‘۔
یاد رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کا شمار دنیا کے بہترین لیگ سپنرز میں ہوتا رہا ہے اور وہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے سپن بولنگ کوچ بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’اب میرا وقت گزر چکا ہے۔ بابر اعظم دنیا مایہ ناز بلے باز ہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وہ پاکستانی ہے‘۔مشتاق احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملتان سلطانز کی پی ایس ایل 7 میں پانچوں میچوں میں فتح حاصل کرنے کی وجہ قیادت ہے، جیت کے پیچھے لیڈر شپ کا کردار ہوتا ہے جس میں کوچز ، ٹیم منیجر اور ٹیم کا بھی کردار ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیم میں سب سے اہم کردار کپتان کا ہوتا ہے اور محمد رضوان بہت بہترین لیڈر ہیں اور تمام کھلاڑی ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔‘ مشتاق احمد نے بتایا کہ ’محمد رضوان جو بھی بتاتے ہیں تمام کھلاڑی اس پر عمل کرتے ہیں۔ افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ان کی کامیابی کی وجہ مشتاق احمد نے ’بنیاد سے جڑے رہنے‘ کو قرار دیا۔مشتاق احمد نے بتایا کہ ’راشد خان کی لائن اینڈ لینتھ اور رفتار اتنی تیز ہے کہ وہ اس سے ہٹتا نہیں چاہے اسے چھکا ہی کیوں نہ لگے‘۔ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ’راشد خان کا ہاتھ کان کے بہت قریب سے آتا ہے جسے سمجھنا بہت مشکل ہے کہ لیگ بریک ہے یا گوگلی ہے۔‘ ملتان سلطانز کے خوشدل شاہ اس پی ایس ایل میں بطور آل راؤنڈر سامنے آئے ہیں۔ ان کی بولنگ میں بہتری کے بارے میں مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ’وہ نیٹ میں آکر لمبی بولنگ کرتے ہیں اور سوال پوچھتے ہے۔‘ مشتاق احمد نے بتایا کہ ’خوشدل شاہ میں نیٹ بولنگ کے دوران کریز کے اینگلز کو سمجھتے رہتے ہیں ،خوشدل شاہ کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ انکا بڑا دل ہے جس کی وجہ سے وہ ٹی ٹونٹی میں سکور پڑنے سے نہیں گھبراتا۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close