میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 60فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرنے والے طلبا کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی

لاہور (پی این آئی)پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 60 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلباء کے لیے زبردست خوشخبری سامنے آئی ہے۔60 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلباء کو اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔پنجاب ایجوکیشن اینڈونمنٹ فنڈ نے ہونہار طلباء کو کروڑوں روپے کے فنڈز سے اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔

پنجاب ایجوکیش اینڈونمنٹ فنڈ کا کہنا ہے کہ 2021ء میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں 60 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلباء درخواستیں جمع کروانے کے اہل ہوں گے۔یتیم طلباء، گریڈ ایک سے چار کے سرکاری ملازمین کے بچے درخواست جمع کروا سکیں گے جب کہ سرکاری ملازمین کے بچے جن کی تنخواہ 23 ہزار سے کم ہے وہ بھی وظائف کے اہل ہوں گے۔جبکہ خصوصی اور اقلیتی مذاہب سے تعلق رکھنےوالے بچے بھی اپلائی کر سکیں گے۔درخواستیں 31 مارچ تک پنجاب اینڈونمنٹ فنڈ کے آفس میں جمع کروائی جا سکیں گی۔ قبل ازیں پنجاب حکومت نے طلبہ کے لیے رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ کے حوالے سے تفصیلات جاری کیں تھیں جس کے مطابق ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹر میڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ادا کیے جائیں گے ، پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔

انٹر میڈیٹ کے طلبہ کو اسکالر شپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دی جائے گی ، جب کہ انڈرگریجویٹ طالب علموں کو رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ طلبہ کو 14 ہزار انٹر میڈیٹ اسکالر شپس اور 891 انڈر گریجویٹ اسکالر شپس ملیں گی ، 50 فی صد رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ ضرورت مند بچوں کو دی جائیں گی ، جب کہ 50 فی صد میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو ملیں گی جب کہ اسکالر شپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے بچوں کو بھی دی جائے گی ، ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹر میڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ادا کیے جائیں گے اور مجموعی طور پر انٹرمیڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ہر سال 700 ملین روپے ادا کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close