پاکستان میں انٹرنیٹ کی سروسز شدید متاثر۔۔ بحالی میں کتنے دن لگیں گے؟ صارفین کو آگاہ کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان میں صارفین کو پیر و منگل کے روز انٹرنیٹ کی سپیڈ میں کمی کا سامنا رہا جس کی وجہ افریقہ سے پاکستان آنے والی ’اے اے ای 1‘ انٹرنیشنل سبمرین کیبل میں تکنیکی خرابی بتائی جارہی ہے۔اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پی ٹی اے) نے ایک بیان میں کہا کہ کیبل کٹنے پر متبادل بینڈوڈتھ کا بندوبست کیا ہے جس سے پاکستان میں صارفین کی ضرورت کو پورا کیا جاسکے گا۔

کمپنی کے ترجمان نے مزید کہا کہ اگلے چند دن میں مزید بینڈوڈتھ شامل کیے جانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اگلے چند دن انٹرنیٹ سروس معمولی متاثر رہنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ ’اے اے ای-1‘ ایشیا، افریقہ اور یورپ میں صارفین کو انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بناتی ہے۔ زیر سمندر اس کیبل کی لمبائی 25000 کلومیٹر سے زیادہ ہے۔انٹرنیٹ فراہمی کے حوالے سے دستیاب ڈیٹا کے مطابق پی ٹی سی ایل ملک میں دو ہزار سے زائد مقامات پر براہ راست یا دوسرے ذرائع سے انٹرنیٹ فراہم کرتا ہے، جس کی رفتار 100 ایم بی پی ایس تک ہوتی ہے۔ ٹرانس ورلڈ اور پی ٹی سی ایل کا ڈیٹا ملا کر مجموعی طور پر پاکستان کو 2500 جی بی پی ایس کی بینڈوڈتھ مہیا رہتی ہے۔

پاکستان ٹیلی کیمونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے دسمبر 2020 تک کے دستیاب ڈیٹا کے مطابق ملکی آبادی کا تقریباً 44 فیصد (نو کروڑ 30 لاکھ) انٹرنیٹ تک رسائی رکھتا ہے۔پاکستانی صارفین کو ڈی ایس ایل، فائبر آپٹک، موبائل براڈ بینڈ، وائی میکس، سیٹیلائٹ سمیت تقریبا 18 ذرائع سے انٹرنیٹ میسر ہوتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں