پی ٹی آئی کی 14اضلاع میں جیت یقینی تھی اگر۔۔۔وفاقی وزیر شبلی فراز نے تحریک انصاف کی شکست کی اصل وجہ بتا دی

اسلام آباد (پی این آئی) سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ہم نے سبق حاصل کیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے میں حکمت عملی تبدیل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس انتخابات سے ہم نے سبق حاصل کیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے میں حکمت عملی تبدیل کریں گے۔

پارٹی نظم و ضبط کو ہرصورت برقرار رکھیں گے۔پی ٹی آئی ایک مقبول پارٹی ہے، بہت سے لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے، ہمیں ایک موقع ملا ہے کہ اپنی حکمت عملی بدلیں، خامیوں کو دور کریں گے، تحریک انصاف کے نیچے کے اسٹریکچر کو متحرک کریں گے، پارٹی کے ورکروں کو اوپر لائیں گے، تحریک انصاف کو کچھ جگہ پر کامیابی ہوئی ہے، ہم کارکنوں کو متحرک نہیں کرسکے تھے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ حکمت عملی میں کیا کمزوری تھی۔واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ہے، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنے کئی مضبوط حلقوں میں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔ ابتدائی اور غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں جے یو آئی ف صوبے کی حکمراں جماعت تحریک انصاف دھچکا دینے میں کامیاب رہی۔ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چئیرمین کے لیے جمعیت علماء اسلام ف 18 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ حکمراں جماعت تحریک انصاف کا 14 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔

آزاد امیدوار 8 نشتوں کے ساتھ تیسرے نمبر جب کہ اے این پی بھی 8 سیٹیں لینے میں کامیاب ہو گئی،پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئی اور اب تک صرف تین نشستوں پر فتح حاصل کر سکی، جماعت اسلامی دو اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک سیٹ پر جیت سکی۔ صوبے کی سب سے اہم پشاور سٹی میئر کی نشست پر جے یو آئی نے میدان مار لیا اور الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا۔جے یو آئی کے زبیر علی کو 11 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جب کہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر ہیں۔ جبکہ صوبے کے 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار کامیاب رہا ہے۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ گذشتہ روز ہوئی تھی جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنما نے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں