ابو ظہبی (پی این آئی)انگلینڈ کو ہرا کر ورلڈ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ ان کے ہاتھ میں وکٹیں موجود تھیں جو سب سے ضروری چیز تھی، یہی وجہ ہے کہ جمی نیشم نے آتے ہی لاٹھی چارج شروع کردیا اور میچ کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا۔
سیمی فائنل کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ کئی میچز کھیلے ہیں اس لیے شروع سے ہی اندازہ تھا کہ یہ ایک بڑا میچ ہوگا۔ ڈیرل مچل نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ اس نے آج کھل کر کھیلا اور اپنا لوہا منوایا۔ٹی ٹوئنٹی چھوٹے مارجن کی گیم ہے، چھوٹی باؤنڈری یا دیگر چھوٹی چھوٹی چیزیں میچ کا رخ بدل دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے ہاتھ میں وکٹیں باقی تھیں جو سب سے ضروری چیز تھی، نیشم آئے اور انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا، یہی وہ وقت تھا جب میچ کا فیصلہ نیوزی لینڈ کے حق میں ہوا۔
فائنل کے حوالے سے کین ولیمسن نے کہا کہ ان کے کھلاڑی سارے میچز دیکھ رہے ہیں۔ فائنل میں ایک بڑا مقابلہ ہوگا، ہمیں پتہ ہے کہ ایک بڑا امتحان درپیش ہے اس لیے آج رات کے بعد سارا فوکس اسی پر لگائیں گے۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں