لاہوریوں کو مضر صحت گوشت کھلانے کی ایک اور کوشش ناکام، مردہ اور بیمار مرغیاں لانیوالا سپلائر پکڑا گیا، 760کلوبیمار، مردہ مرغیاں برآمد

لاہور(آئی این پی)لاہوریوں کو مضر صحت گوشت کھلانے کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈاتھارٹی کی میٹ سیفٹی ٹیم نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں علی الصبح ٹولنٹن مارکیٹ میں بڑی کارروائی کی۔چیکنگ کے دوران مردہ، لاغر اور بیمار مرغیاں لانیوالا سپلائر پکڑا گیا۔تفصیلات کے مطابق علی الصبح کاروائی کرتے میٹ سیفٹی ٹیم نے 760کلو ناقص گوشت پکڑ لیا۔ٹیم نے موقع پر ہی ٹیسٹ کیے جس میں سپلائی کی جانے والی مرغیاں اور گوشت مضر صحت پایا گیا۔

مردہ مرغیاں سر کی سوزش،اندھے پن، منہ اور پروں کی بیماریوں کا شکار پائی گئیں۔ناقص گوشت اور بیمار مرغیوں کو ذبح کر کے پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کرنے کے لیے بھیجوا دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاکہناتھاکہ بیمار مرغیوں کا گوشت انسانی صحت کیلئے مضر ثابت ہو سکتا ہے۔عوام سے گزارش ہے کہ سست، بند آنکھوں یا نزلے کا شکار مرغی ہرگز مت خریدیں اورگوشت خریدتے وقت ہمیشہ صحت مند مرغی کو اپنے سامنے ذبح کروائیں۔رفاقت علی نسوآنہ کا مزید کہنا تھا کہ سپلائر حضرات پولڑی فارم سے صرف صحت مند مرغی مارکیٹ میں سپلائی کریں۔بیمار، کمزور یا مردہ مرغی سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید برآں کسی بھی شکایت کی صورت میں 080080500 یا ہمارے سوشل میڈیا پر رابطہ کریں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں صحت دشمن عناصر کیخلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں