اسلام آباد(پی این آئی)’خدارا اپنے قومی ہیروز کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ نہ بنایا کریں‘ کی نصیحت کرنے والے بابراعظم کے والد اعظم صدیقی کہتے ہیں کہ ’جس روز انڈیا کے خلاف میچ تھا اس دن بابر کی والدہ وینٹی لیٹر پر تھیں۔‘کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انڈیا کو شکست دینے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے پہلے میچ میں نئی تاریخ رقم کی تھی۔
ٹاس جیت کر پہلے انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دینے اور پھر جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان کے ساتھ مل کر بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے ہدف حاصل کرنے والے بابراعظم نے نصف سینچری اننگز کھیلی تھی۔بابراعظم کے والد نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اہلیہ اور بیٹے کی تصویر شیئر کی تو ساتھ بیان کردہ تفصیل میں یہ بھی بتایا کہ ان کی اہلیہ کیوں ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں اور بیوی کو بستر علالت پر چھوڑ کر وہ خود میچ دیکھنے کے لیے دبئی کیوں گئے تھے۔اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ سب کو تینوں کامیابیاں مبارک ہوں۔ جس روز انڈیا سے میچ تھا اس دن ہمارے گھر پر بڑا امتحان تھا۔ بابر کی والدہ آپریشن کے بعد وینٹی لیٹر پر تھیں۔‘بیٹے کی کیفیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’بابر یہ تینوں میچ بڑی پریشانی میں کھیلا ہے۔
‘انڈیا کے خلاف میچ کے موقع پر سٹیڈیم میں اپنی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ’میرا یہاں آنا نہیں بنتا تھا لیکن میں اس لیے آیا کہ بابر کہیں کمزور نہ پڑ جائے۔‘اہلیہ کی صحت اب بہتر بتاتے ہوئے انہوں نے شائقین کو نصیحت کی کہ خدارا اپنے قومی ہیروز کا بلاوجہ تنقید کا نشانہ نہ بنایا کریں، مجھے علم ہے کہ مرے بغیر جنت نہیں ملتی اگر مقام ملتا ہے تو امتحان بھی دینے پڑتے ہیں۔‘اعظم صدیقی کے بیان کردہ واقعہ پر تبصرہ کرنے والوں نے جہاں ان کی اہلیہ اور بابر اعظم کی والدہ کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعائیں کیں وہیں دونوں کے اس جذبے کو دل کھول کر سراہا۔زباب نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’انکل جی آپ اور بابر ہر روز ہمارے دل میں ایک نئی جگہ بنا لیتے ہیں۔
‘ابتدائی میچ میں انڈیا کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں اب تک کھیلے گئے اپنے تینوں میچوں میں کامیاب رہی ہے۔ گرین شرٹس نے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ اور تیسرے میں افغان ٹیم کو شکست دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں