وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات طے پاگئی، چند ہی گھنٹوں میں روانگی کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم اور روسی صدر کے درمیان ملاقات طے پا گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کل 15 ستمبر کو بیرون ملک روانہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم دشنبے میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیراعظم کے ہمراہ دشنبے جائیں گے۔جبکہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور روسی صدر کے درمیان دشنبے میں ملاقات بھی طے پا گئی ہے۔ عمران خان اور ولادی میر پوٹن شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق روسی صدر کے علاوہ چینی صدر شی جن پنگ سے بھی وزیراعظم کی ملاقات ہو گی۔ اس سے قبل منگل کی شام کو وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران افغانستان کی تازہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور شنگھائی تعاون تنظیم میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ، روسی صدر نے بھی وزیراعظم کو دورہ روس کی دعوت دی، دونوں رہنماؤں کے درمیان کچھ ہی دنوں میں دوسرا رابطہ ہے۔دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی عوام کو اہم موڑ پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے، افغانستان کو امداد دینے اور معاشی بحران سے بچانے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر پیوٹن نے پاک روس مجموعی تعلقات کو مضبوط کرنے اور مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان گیس اسٹریم پائپ لائن منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنانے کا عزم کیا، عمران خان نے کہا کہ تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close