حکومت گارنٹی دیتی ہے کہ نواز شریف کو ملک واپس بلایا جائے تو انہیں با حفاظت سیدھے جیل پہنچایا جائے گا

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت گارنٹی دیتی ہے کہ نواز شریف کو ملک واپس بلایا جائے تو انہیں با حفاظت سیدھے جیل پہنچایا جائے گا، مسلم لیگ نون نے نواز شریف سے متعلقہ 9بار بیانیہ تبدیل کیا، نواز شریف نے پاکستان سے پیسہ لوٹا اور لندن گئے اب برطانیہ نے بھی انہیں نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ جیل میں نواز شریف سے تین بار ملاقات ہوئی اور ان کی صحت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوتا رہا جبکہ جیل میں نواز شریف کیلئے ہنگامی ہسپتال بھی بنالیا گیا جو ایک دن بھی استعمال نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ کے رہنمائوں کا موقف تھا کہ بیماری کے باعث نواز شریف کی حالت انتہائی نازک ہے اگر انہیں علاج کیلئے باہر نہ بھجوایا گیا تو مر جائیں گے، مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی نے علیحدہ علیحدہ بیانات دیئے جبکہ نون لیگ اب تک نواز شریف سے متعلق 9سے زائد بیانیے اختیار کر چکی ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے معاملے اور بیرون ملک علاج کیلئے عدالت میں حکومت سے پوچھا گیا کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ داری حکومت لے گی جبکہ رہنما مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ نواز شریف ٹھیک ہیں وطن واپسی پر حفاظت کی ضمانت دی جائے، مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات میں کہا تھا کہ حکومت سیکیورٹی کی گارنٹی دے تو وہ اسی وقت نواز شریف کو وطن واپس بلا لیں گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ذمہ دار ہوتے ہوئے گارنٹی دیتے ہیں کہ نواز شریف کو ملک واپس بلایا جائے تو انہیں سیدھا باحفاظت جیل بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی بیماری سے متعلق برطانوی حکومت سے جھوٹ بولا کیونکہ نون لیگ کو جسٹس(ر) قیوم والا انصاف چاہیے ہے جبکہ برطانوی امیگریشن حکام نے نواز شریف کی بیماری ثابت کرنے کیلئے دو مواقع فراہم کئے اور برطانوی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے تیسری بار نواز شریف کے ویزہ میں توسیع کی درخواست غلط بیانی پر مسترد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کا پیسہ لوٹ کر لندن گئے تاہم برطانوی حکومت نے وہاں سے بھی نکل جانے کا حکم دیا ہے۔(اح+م ا)

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close