کینبرا (پی این آئی) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایئن چیپل کا کہنا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ نے موجودہ حالات میں کرکٹ کے غیر محفوظ ہونے کے بارے میں خبردار کر دیا ہے۔ کرکٹ انفو پر شائع ہونے والے اپنے کالم میں ایئن چیپل نے کہا کہ کورونا وائرس کی شدت کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ رواں برس انڈیا میں ہونے والا ٹی20 ورلڈ کپ ملتوی یا منتقل ہو سکتا ہے۔ رواں ہفتے آئی پی ایل میں چار کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے لیگ کو ملتوی کر دیا گیا۔ ان کرکٹرز کے علاوہ آئی پی ایل کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ٹم سیفرٹ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ انڈیا میں کورونا وائرس کی شدت اور روزانہ ہزاروں ہلاکتوں سے خوف زدہ ہو کر کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے آئی پی ایل سے پہلے ہی کنارہ کشی اختیار کر لی تھی جبکہ انڈیا سے تعلق رکھنے والے سپنر ایشون نے بھی لیگ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اینڈریو ٹائی، ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن انڈیا میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے آئی پی ایل کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ اس کے علاوہ کرس لین نے بھی وطن واپسی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو وطن واپس لانے کے لیے چارٹرڈ طیارہ بھیجنے کی درخواست کی تھی۔ ایئن چیپل نے لکھا کہ ’انڈیا میں کورونا وائرس کی شدت، بڑی تعداد میں یومیہ ہلاکتوں اور آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کے کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے کھیل کا غیر محفوظ ہونا ظاہر ہوتا ہے۔ ایئن چیپل کے مطابق ’موجودہ تباہ کن حالات میں آئی پی ایل کے ملتوی ہونے سے ایک مثال قائم ہوسکتی ہے۔ ان حالات میں یا تو یہ ورلڈ کپ ملتوی ہوسکتا ہے یا پھر انڈیا سے باہر کسی اور ملک منتقل ہوسکتا ہے۔ ایئن چیپل کا کہنا ہے کہ ’ماضی میں بھی کئی وجوہات کی بنیاد پر ایونٹس متاثر ہوئے ہیں، المناک صورت حال میں دورے ختم بھی ہوئے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں