پاکستان اور سعودی عرب میں کوئی اختلافات نہیں، وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد بھائی بھائی ہیں

جدہ(پی این آئی ) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اور بین المذہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ دشمن کوشش میں ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کو دور کریں لیکن ان کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔وزیر اعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب مکمل ہونے پر مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا۔ یہ اعلامیہ بہت سے لوگوں کے اوپر پانی ڈال کر جائے گا جو سازشیں کر رہے تھے، پروپیگنڈا کر رہے تھے۔ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کو کوئی جدا نہیں کرسکتا۔اُردو نیوز سے بات چیت میں طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ارض حرمین شریفین ہمارے لیے ریڈ لائن ہے۔آرمی چیف وزیراعظم یہ کہہ چکے ہیں کہ سعودی عرب کا امن وسلامتی اور دفاع ہمیں بہت زیادہ عزیز ہے کیونکہ یہاں ارض حرمین مکہ اور مدینہ ہے۔امن اور حرمین شریفین کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں ہے۔سعودی عرب جس وقت اور لمحے پاکستان سے جو کہے گا ساتھ دیں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب دونوں کا امن، سلامتی اور استحکام اور دفاع ایک ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیر اعظم عمران خان کو بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھائیوں کے درمیان کبھی خلیج پیدا نہیں ہوتی اور دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ سعودی عرب کو اللہ نے عالم اسلام میں مقام دیا ہواہے۔ان سے یہ مقام کوئی چھین نہیں سکتا۔ اسی طرح پاکستان عالم اسلام کی ایک عظیم ایٹمی قوت ہے۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ دنیا میں امن چاہتے ہیں۔ ہمارے اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب جو بھی مثبت کوشش کرے گا، پاکستان ساتھ کھڑا ہو گا۔وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں قیدیوں کی رہائی سمیت پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم نے کچھ اقدامات کیے ہیں۔اس دورے کے بعد آپ دیکھیں گے کہ بہت موثر انداز میں بعض کام ہوں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سعودی ولی عہد نے گزشتہ دنوں جو انٹرویو دیا اس میں بہت ساری چیزیں مستقبل کے حوالے سے ہیں جو امت مسلمہ کے لیے بہت ضروری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں