پاکستانی سرحد کے قریب سے پکڑے گئے مشتبہ کبوتر کے خلاف بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا

نئی دہلی ( آن لائن) بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی جانب سے پاکستانی سرحد کے قریب سے پکڑے گئے ایک ‘مشتبہ کبوتر’ کے خلاف دی گئی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔بی ایس ایف کی جانب سے امرتسر میں خان گڑھ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو کبوتر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی تھی جس کی ٹانگ کے ساتھ پاکستان کا ایک ٹیلی فون نمبر منسلک تھا۔بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سیاہ و سفید رنگ کے ایک کبوتر کو 17 اپریل کو اس وقت پکڑا گیا تھا جب وہ سرحد سے 500 میٹر دور ایک چوکی پر گارڈ کی ڈیوٹی کرنے والے کانسٹیبل نیرج کمار کے کاندھے پر جا بیٹھا تھا۔ رپورٹ میں درخواست کی نقل بھی دکھائی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ‘نیرج کمار نے کبوتر کو فوری طور پر پکڑا اور پوسٹ کے کمانڈر اومپال سنگھ کو اطلاع دی’۔جس پر کمانڈر نے کبوتر کی تلاشی لی تو اسے ایک کاغذ کی پرچی پر ایک نمبر لکھا ملا جو 0302 سے شروع ہوتا تھا۔درخواست میں بتایا گیا کہ مذکورہ نمبر کبوتر کی بائیں ٹانگ پر ایک ٹیپ سے باندھا گیا تھا۔بعدازاں بارڈر سیکیورٹی فورس نے کبوتر کو پولیس کے حوالے کر کے مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دھروف ڈاہیئا نے کہا کہ ان کا نہیں خیال کے کبوتر کے خلاف مقدمہ درج ہوسکتا ہے کیوں کہ وہ ایک پرندہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم نے یہ معاملہ قانونی رائے کے لیے اپنے قانونی ماہرین کو بھجوادیا ہے جبکہ مذکورہ موبائل نمبر کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کے باعث سرحد کے اس پار جانے والی چیزوں اور جانوروں کو بھارتی انتظامیہ جاسوسی کے شبے میں قبضے میں لے لیتی ہے۔اس سے قبل 10 مارچ کو یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے جہاز کی شکل کے غبارے کو اپنے قبضے میں لے لیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں