موسم نے پھر انگڑائی لے لی، اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں موسلادھار بارشیں اور ژالہ باری، سردی کی لہر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) گرمیوں میں سردی والا موسم، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں موسلادھار ژالہ باری۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے موسم سرد کر دیا۔ موسلادھار ژالہ باری کے بعد شہر اقتدار نے برف کی چادر اوڑھ لی۔ ژالہ باری کے بعد اسلام آباد کے حسین مناظر نے شہریوں کا دل موہ لیا۔ژالہ باری کے بعد اسلام آباد کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواوں ،آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اسی دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم خیبر پختونخوا ، کشمیر ،وسطی وزیریں پنجاب اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا میں بالاکوٹ میں 66 ملی میٹر ہوئ۔ پٹن میں 13 ملی میٹر ،کالام میں 5،مالم جبہ 3 اور مظفر آباد میں 15 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 42 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، میر پورخاص میں درجہ حرارت 41، چھور 40 اور دادو میں 39ڈگری سینٹی گریڈ رہا

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں