ڈسکہ ضمنی الیکشن، الیکشن کمیشن نےگمشدہ پریزائیڈنگ افسروںکافون ڈیٹا طلب کرلیا، انصارعباسی کا انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے ان 20 پریزائیڈنگ افسران کے موبائل فون نمبرز کی فون کالز کا ڈیٹا ریکارڈ مانگ لیا ہے جو ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران مبینہ طور پر کئی گھنٹوں تک لا پتا ہوگئے تھے۔دی نیوز کے ایڈیٹرانویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے

کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد پی ٹی اے نے حکومت سے رابطہ کیا تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ الیکشن کمیشن کو متعلقہ معلومات فراہم کرنا ہے یا نہیں۔ موبائل فون کے ڈیٹا سے نہ صرف یہ معلوم ہوگا کہ یہ پریزائیڈنگ افسران کہاں تھے بلکہ یہ بھی پتا چل پائے گا کہ یہ لوگ کس سے رابطے میں تھے۔انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن پہلے ہی فیصلہ کر چکا ہے کہ ان 20 پریزائیڈنگ افسران کے ٹرائل کا معاملہ سیشن کورٹ بھیجا جائے جب کہ الیکشن کمیشن نے یہ الیکشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں