لاہور ( این این آئی) بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کا 144واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوا جس میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اورسلامتی
کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی ۔مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار کی سکیورٹی سنبھال لی۔پروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمدبخاری تھے۔ تقریب میں اعلی فوجی وسول حکام کے ساتھ لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمدبخاری نیمزارقائدپرپھول چڑھائیاورفاتحہ خوانی کی، بانی پاکستان کو اعزازی سلام بھی پیش کیا گیا، مہمان خصوصی میجرجنرل عمراحمدبخاری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبندکئے۔اعلیٰ حکومتی ،عسکری اور سیاسی شخصیات نے بھی مزار قائد پر حاضری دے کر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ یوم قائد اعظم ؒ کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا ایس او پیز کے تحت سیمینار ، کانفرنسز اور مذاکروں کا اہتمام کیا گیاجس میں بانی پاکستان کو ان کی گرانقدر خدمات اور برصغیرکے مسلمانوں کیلئے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کیلئے جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ملک کے مختلف مقامات پر کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں ۔ریڈیو پاکستان ،سرکاری و نجی ٹی وی
چینلز بانی پاکستان کی شخصیت کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش کئے جبکہ اخبارات و رسائل نے خصوصی مضامین شائع کئے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں