ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے نیب افسران کیخلاف تحقیقات کا اعلان کر دیا، سینیٹ آف پاکستان اور نیب کا مقابلہ قرار

اسلام آباد (پی این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ نیب کے افسران کیخلاف تحقیقات کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، اب یہ مقابلہ سلیم مانڈوی والا اور نیب کا نہیں ، سینیٹ آف پاکستان اور نیب کا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی

والانے کہا کہ نیب کی جانب سے ایسی کارروائیوں کے بعد نیب مزید بدنام ہو رہا ہے۔اب ان کی باتوں کو عوام نے بھی سنجیدہ لینا چھوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کیخلاف تحقیقات کے لیے ہم نے سینیٹ اجلاس بلانےکیلئے ریکوزیشن تیار کرلی ہے۔سینیٹ اجلاس ہر صورت بلایا جائے گا،سینیٹ اجلاس میں نیب سے متاثرہ افراد کے اہلخانہ کو بلایاجائےگا ۔ان تمام افراد کیخلاف تحقیقات ہوں گی جو بے گناہ لوگوں کو تنگ کرتے رہے ہیں۔ نیب کے افسران کی ڈگریوں اور اثاثوں کی تحقیقات کی جائیں گی ۔سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ اب نیب اور سلیم مانڈوی والا کا مقابلہ نہیں رہا ، اب یہ معاملہ سینیٹ آف پاکستان اور نیب کے درمیان ہے۔نیب کے اسٹاف کی ڈگریاں چیک کی جائیں گی۔پہلی بار نیب کی تحقیقات ہوں گی،اثاثہ جات دیکھے جائیں گے۔نیب کی حرکتوں کو روکنا ضروری ہوگیا ہے ۔ نیب کی تحقیقات سینیٹ کرے گا، اور ہم دیکھیں گے کہ کون تحقیقات کو روکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے حوالے وزیراعظم کو خط لکھا ہے،آرمی چیف کو بھی لکھوں گا۔ ان کو بھی تفصیلات سے آگاہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کو ہر حالت میں بےنقاب کروں گا۔نیب کے لوگ سب کو گرفتارکرلیں کوئی فرق نہیں پڑتا،نیب نے ہماری عزت پر حملہ کیا تو ہم نیب کے خلاف ہر سطح پر جائیں گے۔ سلیم مانڈوی والا نے سینیٹ اجلاس سے متعلق کہا کہ جلد سینیٹ اجلاس بلوایا جائے گا۔ سینیٹ کسی ایک فرد کیلئے کام نہیں کرے گی۔ پاکستان کے ہر فرد کو سینیٹ اور کمیٹیوں میں بلائیں گے۔ جب تحقیقات ہوں گی تو سب کے سامنے ہوگی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں