پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی سیریز، کئی ماہ بعد اہم ترین کھلاڑی کی قومی ٹیم میں واپسی، 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا

آکلینڈ (پی این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کیخلاف 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے پاکستانی سکواڈ کا انتخاب مصباح الحق نے کپتان بابراعظم کی مشاورت سے کیا ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف

تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کیلئے سکواڈ میں سرفراز احمد اور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے ، دونوں کو روحیل نظیر اور شاہین ظفر گوہر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیاہے ۔قومی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کریں گے جبکہ وائس کپتان شاداب خان ہوں گے ۔ ان کے علاوہ سکواڈ میں عبداللہ شفیق ، فیہم اشرف ، حیدر علی ، حارث روف ، حسین طلعت ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، خوشدل شاہ ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، موسیٰ خان ، محمد رضوان ، سرفراز احمد ،شاہین شاہ آفریدی ، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں ۔فخر زمان نے زمبابوے کیخلا ف سیریز کے تینوں میچوں میں شرکت کی تاہم بخار میں مبتلا ہونے کے باعث وہ دورہ نیوزی لینڈ کا حصہ نہیں بن سکے ۔قومی کرکٹ ٹیم اور شاہینز سکواڈ 14 روزہ آئیسولیشن کا دورانیہ مکمل کرنے کے بعد کوینز ٹاؤن کیلئے 8 دسمبر کو روانہ ہوں گے ، دونوں ٹیمیں مختلف ہوٹلوں میں قیام کریں گی اور مختلف اوقات میں ہی گراونڈ میں ٹریننگ کریں گی ،14 دسمبر کو پاکستان شاہینز ” وانگرائی“ کیلئے روانہ ہو گی جبکہ قومی ٹیم 15 دسمبر کو اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کیلئے آکلینڈ پہنچے گی ۔ ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے بعد 23 دسمبر کو عماد وسیم آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کا حصہ بننے کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ 24 دسمبر کو محمد حفیظ پاکستان لوٹ آئیںگے۔

close