جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وزیراعظم کو صحیح نوٹس دیا ہم بھی انہیں نوٹس جاری کریں گے، لاہور ہائیکورٹ نے بھی وزیراعظم عمران خان کیخلاف سخت ریمارکس دے دیئے

لاہور (پی این آئی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وزیراعظم کو صحیح نوٹس دیا ہم بھی انہیں نوٹس جاری کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں میں چیف جسٹس قاسم خان نے کرتارپور پر سڑک کی تعمیر سے متعلق شکرگڑھ بار ایسوسی

ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ کرتاپور پراجیکٹ وفاقی حکومت نے کیسے بنایا۔مذہبی عقیدت مند اگر لاہور سے کرتار پور جانا چاہیں تو سڑک کی حالت ہی خراب ہے ۔آپ نے کوئی نئی جگہ تو نہیں بنائی یہ تو مذہبی جگہ ہے اور ہمیشہ سے ہے۔آپ نے تو عقیدت مندوں کو سہولت دینی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پتہ کرکے بتائیں کہ یہ پراجیکٹ وفاقی حکومت نے کیسے لے لیا۔کیا وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو فنڈز ٹرانسفر کیے تھے۔آپ کمیونیکیشن سے ہیں آپ کو معلوم ہوگا۔جس پر افسر کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ نے جواب دیا کہ مجھے علم نہیں۔چیف جسٹس ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ اس کا مطلب ہے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے آئینی معاملات میں مداخلت کر رہی ہے۔اس پر جسٹس قاضی قاضی فائز عیسی نے صحیح نوٹس دیا۔ہم بھی وزیراعظم سمیت دیگر کو صوبائی حکومت کے معاملات میں دخل اندازی پر نوٹس جاری کریں گے۔یہ تو حکومت کا سب سے بڑا لطیفہ ہو گیا۔وزیراعظم اوروزیراعلی اربوں روپے اپنے ضلع پر خرچ کر رہے ہیں۔یہ قومی مفاد کی سڑک ہے لیکن یہاں خرچ نہیں کر رہے۔عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو نوٹس جاری کیا تھا۔وزیراعظم عمران خان کو بھی وکلاء کی تقریب میں شرکت پر سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ۔سپریم کورٹ نے مخصوص سیاسی جماعت کے ونگ کی تقریب میں شرکت پر نوٹس جاری کیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ معاملہ از خود نوٹس کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کوبھجوا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان پورے ملک کے وزیراعظم ہوتے ہیں،وزیراعظم کسی جماعت یا گروپ کے ساتھ خود کو نہیں جوڑ سکتے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی معاملے پر معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ وزیراعظم ریاست کے وسائل کا غلط استعمال کیوں کر رہے ہیں۔عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں وزیراعظم نے تقریب میں ذاتی حیثیت میں شرکت کی۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 9 اکتوبر کو لائرز فورم کے زیر اہتمام سیمینار میں شرکت کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں