محمد حفیظ نے شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لیا، ٹی ٹونٹی کرکٹ کے واحد کھلاڑی بن گئے

لاہور (پی این آئی) پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنے 2000 رنز مکمل کرلیے ہیں۔ محمد حفیظ نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں یہ سنگ میل انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی کے دوران عبور کیا۔ حفیظ نے اس ٹی ٹونٹی میں 36 گیندوں پر 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو بڑے

ٹوٹل تک پہنچایا۔ پاکستانی آل راؤنڈر نے اپنے 89 ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 2000 رنز اور 50 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ۔ان سے قبل ایک اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک بھی بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچز میں 2 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ اپنے طویل ٹی ٹونٹی کیریئر میں محمد حفیظ 54 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ نے 196 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں میچ شروع ہوا تو انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 72 رنز پر گری جس میں فخر زمان 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ 112 رنز پر گری اور کپتان بابر اعظم 56 رنز پر بلنگز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک 14 اور محمد حفیظ 69 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 195 رنز سکور کیے اور مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 196 رنز کا ہدف دے دیا۔ جواب میں انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی پانچ اوورز میں 58 رنز بنالیے۔ اوپنرز بینٹن اور جونی بیئرسٹو نے اننگ کھیلی۔ بیراسٹو نے 24 گیندوں پر 44 رنز سکور کیے جن میں دو چھکے اور چار چوکے بھی شامل ہیں۔ ٹیم کے 66 رنز کے اسکور پر وہ شاداب خان کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔شاداب خان نے اگلی گیند پر بینٹن کو بھی آؤٹ کردیا انہوں نے 20 رنز سکور کیے۔ ان کے بعد آنے والے دونوں کھلاڑی ڈیوڈ مالان اور این مورگن کریز پر جم گئے اور دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 66 سے 178 تک لے گئے۔ این مورگن نے چار چھکے اور چھ چوکے لگاتے ہوئے 33 گیندوں پر 66 رنز سکور کیے وہ حارث کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انگلش کھلاڑی ڈیوڈ میلن نے 36 گیندوں پر 54 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔معین علی نے ایک اور بلنگس نے 10 رنز اسکور کیے۔ انگلش ٹیم نے پاکستان کے 195 رنز کے جواب میں 19.1 اوور میں ہدف حاصل کرلیا اور 199 رنز اسکور کیے جب کہ اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی بالنگ سائیڈ میں شاداب خان نے 3 اور حارث رؤف نے 1 وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جارہی ہے، پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر ہوگیا تھا جس میں انگلینڈ نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے تھے تاہم بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں