پاکستانی عمرہ زائرین کو سعودی عرب نے بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) سعودی سفیر نواف المالکی کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کیلئے ضابطہ اخلاق اور احتیاطی تدابیر کی تیاری کے بعد عنقریب عمرہ کا آغاز ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے سعودی سفیر نواف المالکی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر

تبادلہ خیال کیا گیا ۔پیر نور الحق قادری نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات مذہبی اخوت و تعاون کے مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام خادم حرمین شریفین کی جلد صحت مندی کیلئے دعا گو ہے ۔ پیر نور الحق قادری نے کہاکہ پاکستانی عوام کے دل حرمین شریفین کی محبت میں دھڑکتے ہیں، کورونا وباء کے دوران محفوظ حج کروانے پر خادم حرمین شریفین کو مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ سعودی سفیر نے کہاکہ خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ نواف المالکی نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ زائرین کیلئے ضابطہ اخلاق اور احتیاطی تدابیر کی تیاری کے بعد عنقریب عمرہ کا آغاز ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں