شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کو ہفتے میں 2 دن بند رکھنے کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ ، مارکیٹوں کو شا م 7بجے بند کرنے کی پابندی بھی ختم

لاہور (پی این آئی) شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کو ہفتے میں 2 دن بند رکھنے کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ ، حکومت کی جانب سے شام 7 بجے مارکیٹیں بند کرنے کی پابندی بھی ختم کر دی جائے گی، انڈسٹریز کو 24 گھنٹے کام کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار کامران خان کی

جانب سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر حماد اظہر نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حکومت اب مارکیٹوں اور شاپنگ مالز پر کرونا وائرس خطرات کی وجہ سے عائد پابندیاں ختم کرنے جا رہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو اب ہفتے کے 7 روز کھلنے کی اجازت دی جائے گی۔ جبکہ روزانہ 7 بجے مارکیٹیں بند کر دیے جانے کی پابندی بھی ختم کر دی جائے گی۔اس کے علاوہ ہوٹلز، شادی ہالز اور انڈسٹری کو بھی کام کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے صنعتوں کو اجازت دی ہے کہ اب 24 گھنٹے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام انڈسڑیاں اور فیکٹریاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کرسکیں گی۔ تعمیرات سے متعلقہ تمام شعبہ جات اور کاروبار بھی پورے ہفتہ کام کریں گے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا اب بھی لازم ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے مارچ کے ماہ میں مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، سیاحتی شعبہ، شادی ہالز اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے۔بعد ازاں کچھ شعبوں کو محدود حد تک کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم بیشتر شعبے تاحال بند ہیں۔ اب پاکستان میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹ چکا اور 90 فیصد سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے، اسی لیے حکومت نے معاشی سرگرمیوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close