پاکستان میں کورونا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی، متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے کچھ ہی کم رہ گئی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان میں کورونا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی، متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے کچھ ہی کم رہ گئی۔پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے ہلاکتوں اور روزانہ سامنے آنے والے نئے کیسز میں اتار چڑھاؤ کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12

واں ملک بن گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 3,138 نئے کیسز سامنے آئے، جب کہ مزید 74 مریض جاں بحق ہو گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 198,883 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 4,035 ہو گئی ہے۔پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 17 سے بڑھ کر 18 فی صد ہو گئی ہے، جب کہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 901 ہو گئی۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 5,498 ہے۔لک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 7 ہزار 942 ہے، اب تک 86,906 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 2,729 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ سب زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 1,656 ہے، اس کے بعد سندھ میں 1,205 اموات، خیبر پختون خوا میں 890 اموات، اسلام آباد میں 120، بلوچستان میں 113، گلگت بلتستان میں 23 اموات جب کہ آزاد کشمیر میں 28 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 76,318 ہو گئی، پنجاب میں 72,880 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 24,943، اسلام آباد میں 12,206 ہو گئی، بلوچستان میں 10,116، گلگت بلتستان میں 1,417 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 1,003 ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 21 ہزار 33 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 12 لاکھ 14 ہزار 140 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں 41,992 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، پنجاب میں 21,340 مریض، خیبر پختون خوا میں 11,804 مریض، اسلام آباد میں 6,529، بلوچستان میں 3,768 مریض، گلگلت بلتستان میں 1,027 مریض، جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 446 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں