پنجاب یونیورسٹی، انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ میں ایم کیپ ڈاکٹورل سپرنگ سکول 2020

لاہور (پی این آئی) صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن راجا یاسر ہمایوں نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور سماجی مسائل حل کرنے کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ریسرچ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ میں پہلے ایم کیپ ڈاکٹورل سپرنگ سکول 2020کے ابتدائی سیشن

سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازا حمد اختر، پروگرام ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ رحمان، سینئر صحافی بشمول افتخار احمد، عبدالرؤف،سابق چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظور، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر عثمان اعوان، اسسٹنٹ پروفیسر فہد محمود، مختلف یونیورسٹیوں سے اساتذہ اور پی ایچ ڈی سکالرز نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں راجایاسر ہمایوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی سطح کے گرایجوئیٹس پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت معیار تعلیم میں بہتری کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہر ڈویژن میں ایک بین الاقوامی معیار کی ریسرچ یونیورسٹی قائم کر رہے ہیں جو اپنی ڈویژن میں موجود دیگر ہائر ایجوکیشن کے اداروں میں تعلیمی اور تحقیقی معیار میں بہتری کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کے کیلئے اصلاحات متعارف کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کالجز میں ایسو سی ایٹ ڈگری پروگرامز متعارف کروا دیئے جائیں گے۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ ایم کیپ ڈاکٹورل سپرنگ سکول پروگرام پی ایچ ڈی سکالرز کی تربیت کے لئے بہترین پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن اور میڈیا سٹڈیز کو کئی چیلنجز درپیش ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و معاشرے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے یونیورسٹیوں کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کو فیکلٹی آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز میں اپ گریڈ کر رہے ہیں اور اگلے ہفتے پنجاب یونیورسٹی ٹی وی بھی شروع کر رہے ہیں۔ پروگرام کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ رحمان نے کہا کہ میڈیا کو نئے نئے مسائل کا سامنا رہتا ہے جس سے نبرآزما ہونے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیب کے زیر اہتمام مستقبل میں بھی ایسی تقاریب کا تسلسل جاری رہے گا۔ ڈاکٹر عثمان اعوان نے کہا کہ سماجی مسائل کے حل کیلئے مختلف زاویوں پر کام کرنا ہوگا۔بعد ازاں معزز مہمانوں میں سووینیئرز پیش کئے گئے۔ ۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں