علی لاریجانی کا امریکی صدر کی دھمکی پر جواب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے پر ایران کو “20 گنا زیادہ طاقت” سے نشانہ بنانے کی دھمکی پر ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے سخت ردعمل دیا ہے۔

لاریجانی نے اپنے بیان میں کہا کہ “عاشورہ سے محبت کرنے والے ایرانی عوام تمہاری کھوکھلی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے” ۔ انہوں نے مزید کہا کہ “تم سے زیادہ طاقتور لوگ بھی ایرانی عوام کو مٹانے میں ناکام رہے، لہٰذا خبردار رہو کہیں ایسا نہ ہو کہ مٹنے والے تم خود ہی بن جاؤ” ۔

لاریجانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد پیغامات میں ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز یا تو “تمام کے لیے امن اور خوشحالی کی آبنائے ہو گی یا جنگجوؤں کے لیے شکست اور مصائب کی آبنائے” ۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ٹرمپ نے پیر کے روز خبردار کیا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل روکنے کی کوشش کی تو امریکا “اب تک کی گئی کارروائیوں سے 20 گنا زیادہ سخت” حملے کرے گا ۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں “موت، آگ اور غضب” کی دھمکی بھی دی تھی ۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک 1332 سے زائد ایرانی شہری ہلاک ہو چکے ہیں ، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 119 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی تھیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close