ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی یا اسرائیلی تنصیبات کو دوبارہ نشانہ بنایا یا آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل روکنے کی کوشش کی تو امریکا اس اہم بحری راستے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے سکتا ہے۔

عرب میڈیا الجزیرہ کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی جنگی صلاحیت تقریباً ختم ہو چکی ہے اور امریکی افواج نے صرف ایک ہفتے کے دوران ایران کے 5 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایران کے بحری، فضائی اور ڈرون سسٹمز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ امریکی صدر نے مزید خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے کسی بھی قسم کی “شرارت” کی تو امریکا کی جانب سے اس کا جواب پہلے سے 20 گنا زیادہ سخت ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز اس وقت کھلی ہے اور وہاں سے جہازوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شامل ہے جہاں سے عالمی سطح پر تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ حالیہ کشیدگی کے دوران ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کے باعث تجارتی جہاز رانی متاثر ہوئی جبکہ مختلف بحری جہازوں پر حملوں میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close