عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت گھٹ کر 68 ڈالر 79 سینٹ فی بیرل پر آ گئی ہے، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل بھی سستا ہو کر 64 ڈالر 13 سینٹ فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
تیل کی عالمی مارکیٹ میں جاری اتار چڑھاؤ کے دوران بھارتی کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے روس سے تیل کی خریداری روک دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمپنی نے روسی تیل کے متبادل کے طور پر مغربی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے مجموعی طور پر 60 لاکھ بیرل خام تیل خرید لیا ہے۔
دوسری جانب یورپی یونین نے روسی تیل پر عائد پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے، جس کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ پر اثرات مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں عالمی سیاسی اور معاشی صورتحال کے پیش نظر تیل اور قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھا جا سکتا ہے۔
اسی دوران بین الاقوامی منڈی میں قیمتی دھاتوں اور خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک فیصد کمی کے بعد فی اونس 5 ہزار 16 ڈالر پر آ گئی، جبکہ چاندی کی قیمت میں 2.5 فیصد کمی دیکھی گئی، جس کے بعد چاندی فی اونس 81 ڈالر 31 سینٹ میں دستیاب ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق 29 جنوری کو عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 5 ہزار 594 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی، جبکہ اسی روز چاندی کی قیمت 121 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم حالیہ دنوں میں سرمایہ کاروں کے محتاط رویے اور عالمی معاشی عوامل کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔
پلاٹینم کی قیمت میں بھی 1.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پلاٹینم فی اونس 2 ہزار 88 ڈالر پر آ گیا، جبکہ پلاڈیم کی قیمت بھی کم ہو کر ایک ہزار 710 ڈالر فی اونس پر آ گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






