اسرائیل کو ترکیہ کی سخت وارننگ

ترکیہ نے ایران میں جاری داخلی کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کسی بھی کوشش کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فدان نے ترک میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو بعض علاقائی حریف اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، تاہم ایسی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ حاقان فدان کا کہنا تھا کہ اسرائیل بھی ایران کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ وہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ غزہ میں انسانی امداد اور تعمیر نو کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ادھر ایران میں پرتشدد مظاہرے تیرہویں روز میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں مختلف شہروں میں جھڑپوں کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، املاک کو نقصان پہنچا ہے اور متعدد سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک تقریباً ڈھائی ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ ملک بھر میں ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔ ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ کمانڈر انچیف کی سربراہی میں مسلح افواج نہ صرف خطے میں دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں گی بلکہ قومی مفادات اور عوامی املاک کے تحفظ کو بھی ہر صورت یقینی بنائیں گی۔ فوجی بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ حالیہ جنگ کے دوران ایرانی بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے عناصر اب ایرانی عوام کی حمایت کے جھوٹے دعوؤں کے ذریعے ایک نیا فتنہ کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close