آسٹریلیا نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا پراسیسنگ مزید آسان بنا دی ہے اور اب تمام مراحل اسمارٹ فون کے ذریعے مکمل کیے جا سکیں گے۔ آسٹریلوی حکومت نے نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت پاکستانی درخواست گزار براہِ راست موبائل فون سے اپنا ویزا پراسیس مکمل کر سکیں گے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹم کین کے مطابق اس سہولت سے ویزا پراسیسنگ مزید تیز اور سہل ہو جائے گی، خاص طور پر اُن افراد کے لیے جن کے لیے وقت یا فاصلے کی وجہ سے بائیومیٹرکس سینٹر تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب درخواست گزار Australian Immigration App کے ذریعے بائیومیٹرک ڈیٹا اور پاسپورٹ کی تفصیلات اپ لوڈ کر سکیں گے۔
آج (25 نومبر) سے پاکستان میں وزٹ، اسٹڈی اور ورک ویزا کے تمام درخواست گزار اپنی پاسپورٹ تفصیلات اور بائیومیٹرکس اسمارٹ فون کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔
ایپ استعمال کرنے کے لیے اسمارٹ فون میں NFC فیچر موجود ہونا چاہیے، مضبوط انٹرنیٹ کنیکشن درکار ہوگا اور ایپ کو کیمرہ اور لوکیشن سروسز کی اجازت دینا ضروری ہوگی۔
ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ ڈیجیٹل سہولت ویزا جاری کرنے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی اہم پیش رفت ہے، جس سے درخواست جمع کرانے کا عمل تیز ہوگا اور بائیومیٹرکس سینٹر جانے کی ضرورت کم پڑے گی۔
آسٹریلیا ہر سال لاکھوں ویزا درخواستیں موصول کرتا ہے جن میں سیاحت، تعلیم، کاروبار، طبی علاج اور فیملی وزٹ شامل ہیں۔ درخواست جمع کرانے سے پہلے شہریوں کو اپنے سفر کی نوعیت واضح کرنا ضروری ہے، کیونکہ آسٹریلیا مختلف اقسام کے ویزے جاری کرتا ہے جن میں وزٹ ویزا، اسٹڈی ویزا، بزنس ویزا، میڈیکل ویزا اور فیملی وزٹ ویزا شامل ہیں۔
درخواست گزار کو 13 صفحات پر مشتمل فارم مکمل اور درست طریقے سے پُر کرنا ہوتا ہے اور تمام معلومات ایک جیسی ہونی چاہئیں۔ ضروری دستاویزات میں پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ، بینک اسٹیٹمنٹ، وجہِ سفر اور دیگر متعلقہ ثبوتی کاغذات شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






