ائیر لائن نے ایک ساتھ چھٹی پر جانے والے ملازمین کو فارغ کر دیا

ویب ڈیسک(پی این آئی)بھارتی ایئرلائن ائیر انڈیا ایکسپریس کے عملے کے متعدد افراد کے ایک ساتھ چھٹیوں پر جانے کے بعد کمپنی نے 30 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔

ائیر انڈیا ایکسپریس نے دیگر ملازمین کو آج شام تک کام پر واپس آنے کا الٹی میٹم دیا تھا، عملے کے چھٹیوں پر جانے سے آج بھی 76 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ گزشتہ روز ائیر انڈیا ایکسپریس تقریباً 300 ملازمین اچانک ایک ساتھ چھٹی پر چلے گئے تھے، ائیرلائن عملہ ملازمت کی نئی شرائط کے خلاف احتجاج کر رہا ہے، ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ان کے معاوضے کے پیکج میں کچھ ترامیم کی جائیں۔گزشتہ روز ائیر انڈیا ایکسپریس کے عملے کے 300 سنیئر افراد نے آخری موقع پر بیماری کو رپورٹ کیا اور پھر اپنے موبائل فونز بھی بند کر دیے، عملے کی بڑی تعداد کے ایک ساتھ چھٹیوں پر چلے جانے سے ائیر لائن کی 86 سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ائیر انڈیا ایکسپریس کے عملے کا کہنا ہے کہ ٹاٹا گروپ سے کمپنی کے انضمام کے بعد ان کے ساتھ مساوی سلوک نہیں ہو رہا۔ان کا دعویٰ ہے کہ انٹرویوز کلیئر ہونے کے باوجود عملے کے کچھ افراد کو نچلے عہدوں کی پیشکش کی گئی۔ان کے مطابق تنخواہوں کے پیکج سے اہم مراعات کو ختم کر دیا گیا یا اس میں کمی کی گئی ہے جبکہ احتجاجی آوازوں کو دبانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close