شدید بارش، سڑکیں زیر آب آگئیں، نظام زندگی متاثر

دبئی ( پی این آئی ) شدید بارش، سڑکیں زیر آب آگئیں، نظام زندگی متاثر، متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کی اطلاعات موصول ہو ئی ہیں , بارش کے پانی سے سڑکیں زیر آب آگئی ہیں جبکہ ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ ابوظبی اور فجیرہ میں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔ شدید بارشوں کی وجہ سے یلو اور اورنج ویدر الرٹ جاری کیا گیا ہے جب کہ آج مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ ہوئی جس کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ بارشوں کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آنے پر دبئی کی ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سڑکوں پر موجود پانی سے عوام محتاط رہیں اورگاڑیاں احتیاط سے چلائیں۔روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شہریوں کو سڑکوں کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شارجہ سے دبئی میں داخل ہونے والی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، شارجہ سے دبئی آنے والی روڈ پربارش کا پانی جمع ہے، شارجہ سے دبئی آنے والے افراد شیخ محمد بن زاید روڈ کے بجائےمتبادل راستہ اختیار کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close