نوازشریف کیلئے لندن میں سرکاری پروٹوکول؟ نگران حکومت کا ردِعمل بھی آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نوازشریف کو لندن میں سرکاری پروٹوکول نہیں ملا۔انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی واپسی سے متعلق نگران کابینہ میں کوئی بات نہیں ہوئی، نہ ہی یہ معاملہ کابینہ کے سامنے ہے، مفروضوں اور قیاس آرائیوں پر یقین نہیں رکھتا، ہمارے سامنے چیزیں بہت واضح ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم تمام جماعتوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں، ہم خوشگوار ماحول میں الیکشن کا انعقاد ممکن بنانا چاہتے ہیں، ہم ایسے انتخابات چاہتے ہیں جو سب کو قابل قبول ہوں، نگران حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، میڈیا پر کسی شخصیت کے نام لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان مدبر اور زیرک سیاستدان ہیں، پاکستان کی انتخابی تاریخ کی حقیقت ہے کہ پہلے بالغ رائے دہی کے انتخابات 1970ء میں دسمبر کے مہینے میں ہوئے تھے، پاکستان میں انتخابات شدید گرمی میں بھی ہوئے اور شدید سردی میں بھی، دسمبر میں جنوری کے آخری ہفتے کے مقابلے میں زیادہ سردی ہوتی ہے۔نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا ہے، اس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں، حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں کو 54 دن انتخابی مہم کے لئے دیئے جائیں گے، بڑی تعداد میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد واپس جا رہے ہیں۔مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا نگران حکومت معاشی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کر رہی ہے، حکومت کے انتظامی اقدامات سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی، سمگلنگ کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close