اسلام آباد(آئی این پی)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سرکاری دورے پر عراق پہنچ گئے، عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری، سفیراحمد امجد علی اور دیگر افسران نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا استقبال کیا۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی صدر ڈاکٹر عبدالطیف رشید سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت، دفاع اور آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔عراقی صدر ڈاکٹر عبدالطیف رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج بہترین صلاحیتوں کی حامل ہے اور پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے دہشت گردی کا سامنا کیا اور اس کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی وزار ت داخلہ عراقی وزارت داخلہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی خواہاں ہے۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے عراقی ہم منصب عبدالامیر الشماری سے بھی ملاقات کی، وزیر داخلہ نے شاندار مہمان نوازی پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، اس دوران عراق کی جانب سے پاکستانی زائرین کا کوٹہ 50 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پاکستانی زائرین کو گروپ ویزہ کے علاوہ پاکستان میں عراقی سفارتخانے سے انفرادی ویزہ جاری کرنے کی منظوری دی گئی، عراقی وزیر داخلہ نے پاکستانیوں کیلئے ویزہ فیس میں کمی کی بھی یقین دہانی کروائی، رانا ثنا اللہ نے زائرین کو سہولیات کی فراہمی پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عراق کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے، دہشت گردی کا شکار عراق کی تعمیر نو کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، عراق پاکستان کے اداروں کی انسداد دہشتگردی میں مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔عراقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پولیس اکیڈمی فرانزک میں عراقی افسران اور کیڈٹس کی تربیت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی، ملاقات میں عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری نے بھی شرکت کی۔وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستانی شہری کثیر تعداد میں زیارات کیلئے عراق کا رخ کرتے ہیں۔ملاقات میں عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی، زائرین کیلئے اربعین کے دوران کوٹہ 50 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اس موقع پر عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو الیکٹرانک ویزا کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے معمولی جرائم اور زائد قیام پر عراقی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو جلد رہائی یقینی بنانے کے لیے وزارت انصاف کو ہدایات دے دیں۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عراقی وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، عراقی وزیر اعظم نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں