باجوڑ دھماکہ، امریکا کا رد عمل بھی آ گیا

واشنگٹن(آئی این پی)امریکا نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام(ف)کے کنونشن میں ہونے بم دھماکے کے بعد متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پرافسوس کا اظہار کیا ہے، اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ شمال ضلع باجوڑ میں ہونے والے المناک دھماکے میں جانوں سے ہاتھ دھونے والے متاثرین کے خاندانوں اور پیاروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہم تشدد کے اس گھناونے فعل کی پرزور مذمت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں بے گناہ جانیں ضائع ہوئیں اور بہت سے لوگوں کو نقصان پہنچا۔ پرامن اور جمہوری معاشرے میں ایسی دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔امریکی سفارتخانے نے لکھا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے اور اس کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں ہونے والے بم دھماکے کے دوران چالیس سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

close