پاکستان دیوالیہ نہیں ہونے جارہا ، سپریم کور ٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس

اسلام آباد (پی این آئی) سپریم کورٹ نے سپرٹیکس کے تمام مقدمات کو یکجا کر کے سماعت اگلے ہفتے مقرر کردی۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سپر ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بینک کرپٹ نہیں ہو رہا، روزانہ پاکستان سے چار کروڑ ڈالر غیر قانونی طور پر باہر جا رہے ہیں۔ٹوئنٹی فور نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہمیں صرف منظم ہو کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ہر ایک کو ملک کے مفاد کے لیے اپنے آپ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، حکومت فارن کرنسی کی بیرون ملک اسمگلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کرے تو صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔ دورانِ سماعت وکیل ایف بی آر نے کہا کہ سپر ٹیکس کیس میں لاہور ہائی کورٹ کا حتمی فیصلہ آ گیا ہے، لاہورہائی کورٹ نے سپر ٹیکس کے فیصلے پرعملدرآمد 60 دن کے لیے معطل کر دیا۔ سپریم کورٹ نے سپر ٹیکس کے تمام مقدمات کو یکجا کرکے سماعت اگلے ہفتے مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سپر ٹیکس کیس کی سماعت 16 فروری تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close