ترکیہ میں ہونے والے دھماکے کا مرکزی ملزم گرفتار

انقرہ(پی این آئی) ترکیہ میں بم دھماکے میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق استنبول پولیس نے استقلال ایونیو میں ہونے والے بم دھماکے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے بم دھماکے کی عالمی سطح پر شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے پر ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کی جا رہی ہے۔امریکا، عرب ممالک، خلیج تعاون کونسل اور الازہر الشریف نے

استنبول دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ترکیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔وائٹ ہائوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا اتوار کو ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں اور زخمی ہوئے۔ترجمان کیرن جین پیئر نے ٹویٹر پرٹویٹس میں مزید کہا کہ واشنگٹن “دہشت گردی” کے خلاف جنگ میں اپنے اتحادی ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز وسطی استنبول کی تقسیم اسکوائر استقلال اسٹریٹ پر ہونے والے

بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔مصر نے بھی استنبول میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کی اور متاثرین کے لیے ترکیہ سے تعزیت کی ہے۔مصری وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر احمد ابو زید نے دہشت گردانہ بم دھماکے کے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مصر کی جانب سے متاثرین کے اہل خانہ، ترک عوام اور ترک ریاست کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ الازہر الشریف نے بھی استنبول میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔الازھر نے اس عظیم مصیبت میں ترکیہ کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا زمین پر فساد پھیلانے کے مترادف اور تمام مذہبی اور انسانی اقدار سلب کرنا ہے۔الازہر نے ترک عوام اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی متاثرین کو

اپنی رحمت اور مغفرت سے نوازے، اپنے وسیع جنت کیباغات میں سکونت عطا فرمائے۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نایف فلاح مبارک الحجرف نے بھی اس بم دھماکے کی مذمت کی جس میں استنبول شہر کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔الحجرف نے تشدد، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جی سی سی ممالک کے مضبوط موقف کی توثیق کرتے ہوئے استنبول حملے متاثرین کے لیے جمہوریہ ترکیہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔

سعودی وزارت خارجہ نے وسطی استنبول میں تقسیم کے علاقے کو نشانہ بنانے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزارت خارجہ نے اس بزدلانہ فعل کے خلاف مملکت جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعادہ کیا اور متاثرین کے اہل خانہ اور برادر ترک حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے استنبول کے مرکز میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی۔

سوڈانی خود مختاری کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان نے بھی ترک صدر رجب طیب ایردوآن کو تعزیت اور ہمدردی کا ایک ٹیلی گرام بھیجا ہے جس میں انہوں نے دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کی۔اپنے ٹیلی گرام میں البرہان نے ترک صدر،حکومت اور متاثرین کے اہل خانہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close