دو طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ، متعدد ہلاکتیں ہو گئیں

ٹیکساس(آئی این پی)امریکی ریاست ٹیکساس میں دوسری عالمی جنگ کی یاد میں منعقدہ ائیر شو کے دوران ہوا بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری عالمی جنگ کے زمانے کے دو طیارے ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں جاری دوسری عالمی جنگ کی یاد میں منعقدہ ایک ائیر شو کے دوران بوئنگ B-17فلائنگ فورٹریس بمبار طیارہ اور بیل P-63کنگ کوبرا فائٹر طیارہ آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے،فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق ڈیلس ائیرپورٹ پر ایمرجنسی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، طیاروں پر سوار عملے کے حوالے سے کوئی معلومات واضح نہیں ہیں تاہم 6افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے،سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ائیر شو کے دوران ہوا بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں طیاروں کے درمیان ٹکر کے بعد طیارے زمین پر گر کر آگ پکڑ لیتے ہیں،ٹیکساس ائیر شو کے دوران ٹکرانے والے دونوں طیارے دوسری عالمی جنگ کے دوران استعمال کیے گئے تھے، چار انجن والے B-17بمبار طیارے دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکا کی اہم طاقت بنے ہوئے تھے جبکہ امریکی ساختہ کنگ کوبرا زیادہ تر سوویت افواج کی جانب سے استعمال کیا گیا تھا۔

بوئنگ کے مطابق دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد زیادہ تر B-17طیاروں کو اسکریپ کر دیا گیا تھا جبکہ چند طیارے میوزیم کی زینت بنا دیے گئے اور کچھ طیارے اب بھی مخصوص ائیر شوز میں ہوابازی کا مظاہرہ کرنے کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close