عید کے موقع پر 9چھٹیاں دینے کا اعلان کر دیا گیا

قاہرہ (پی این آئی) مصر کا عید کی 9 تعطیلات دینے کا اعلان، دنیا بھر میں عید الفطر کی آمد کی تیاریاں شروع، عید کی ممکنہ تاریخ بھی بتا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے اختتام اور عید الفطر کی آمد میں 2 ہفتوں سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمانوں نے عید کی تیاریاں شروع کر دیں، جبکہ اسلامی ممالک میں عید کے بازاروں کی رونقیں بھی لگ گئی ہیں۔

 

ایسے میں عرب اسلامی ملک مصر نے اپنی عوام کو عید کی طویل تعطیلات کی خوشخبری سنائی ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مصر کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں شہریوں کو عید کی 9 تعطیلات ملیں گی، تعطیلات کا آغاز 30 اپریل سے ہو گا۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کی ممکنہ تاریخ بتادی گئی۔الامارات الیوم نے متحدہ عرب امارات میں فلکیاتی انجمن کے چیئرمین ابراہیم الجروان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ اس سال رمضان کے 30 روزے ہوں گے اورعید الفطر پیر دو مئی 2022 کو ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کا چاند ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 12 بج کر28 منٹ پر پیدا ہونے کا امکان ہے ، اتوار کی شام سورج غروب ہونے پر جو چاند نظر آئے گا اس وقت تک اس کی پیدائش کو ساڑھے 18 گھنٹے گزرچکے ہوں گے ، اس لیے اتوار کی شام کو تمام عرب ملکوں میں چاند واضح طور پر دکھائی دے گا۔

واضح رہے کہ کئی غیر ملکی ماہرین فلکیات عید الفطر کی ممکنہ تاریخ کے بارے کئی ہفتے پہلے ہی پیش گوئی کر چکے۔حال ہی میں اردو نیوز کی جانب سے شائع کردی رپورٹ کے مطابق سعودی ماہرفلکیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں عید الفطر 2 مئی 2022 کو متوقع ہے۔ سعودی ماہرین فلکیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فلکیاتی مطالعے کے مطابق رواں سال رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پرمشتمل ہوگا۔ فلکیات کے مطالعے کے مطابق رمضان المبارک 30 دن کا ہوگا، یوں شوال کا چاند یکم مئی کی شام کودکھائی دے گا اور عید الفطر2 مئی بروز پیر کو ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں