روس کے اندازے غلط ثابت ہوئے ، حملوں کے تین دن بعد بھی فضائی برتری حاصل کرنے میں ناکام، روسی حکام میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی

واشنگٹن (پی این آئی) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی رپورٹنگ کرنے والے صحافی برائن ایورسٹائن نے دعویٰ کیا ہے کہ روس حملے کے تین دن بعد بھی یوکرین میں فضائی برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے روسی حکام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔برائن ایورسٹائن نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا کہ امریکی محکمہ دفاع کے اعلیٰ حکام کا آج صبح ایک اجلاس ہوا ، امریکہ سمجھتا ہے کہ روس یوکرین میں فضائی سبقت حاصل نہیں کرسکا۔

یوکرین کا فضائی دفاعی نظام اب بھی آپریشنل حالت میں ہے، یوکرین کے طیارے نہ صرف اڑان بھر رہے ہیں بلکہ روسی طیاروں کا مقابلہ بھی کر رہے ہیں۔برائن کے مطابق پینٹاگون سمجھتا ہے کہ یوکرین میں مزاحمت روس کے اندازوں سے کہیں زیادہ ہے، اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی خاص پیشرفت نہ ہونے کی وجہ سے روسی حکام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ اب روس نے یوکرین میں مختلف مقامات پر 250 میزائل داغے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یوکرین کی ایئر سپیس بند ہے لیکن اس کے باوجود امریکی امداد کامیابی کے ساتھ پہنچ رہی ہے، امداد کی فراہمی کے تازہ اعلان کے بعد امریکہ یوکرین کو آلات کی فراہمی کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

close