ہماری جان بچاؤ، یوکرین سے پاکستان کی ایک بیٹی نے حکومت سے اپیل کر دی،

کیف (پی این آئی) مشرقی یورپ کے ملک یوکرین پر روس کے حملے کے بعد دارالحکومت کیف میں پھنسی پاکستان کی ایک بیٹی نے اپنی مشکلات کے بارے میں بتا تے ہوئے حکام سے مدد طلب کر لی ہے اور کہا کہ کیف میں مقیم پاکستانی طلبہ کی جان بچائی جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کے بعد طالب علموں سمیت سیکڑوں پاکستانی شہری دارالحکومت کیف میں پھنس گئے ہیں، اس شہر میں مشکل میں گھری پاکستان کی ایک بیٹی آمنہ حیدر نے کہا کہ یہاں بمباری ہورہی ہے، ہمیں سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

طالبہ آمنہ حیدر نے پاکستان کے ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران مطالبہ کیا کہ پاکستانی ایمبیسی ہماری مدد کرے، ایمبیسی نے ٹرنوپِل شہر جانے کا مشورہ تو دیا، لیکن شہر میں ٹرانسپورٹ ہی دستیاب نہیں ہے۔ آمنہ حیدر نے کہا کہ پاکستانی ایمبیسی نے طلبہ کو کیف سے نکالنے کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا، اس وقت شہر کیف میں رات کا کرفیو لگ چکا ہے، یہاں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبہ نے اب گروپ کی شکل میں رہنا شروع کردیا ہے۔ پاکستانی طالبہ نے کہا کہ دوسرے ملک اپنے باشندوں کو یہاں سے نکالنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں لیکن ابھی تک پاکستان کے سفارت خانے نے یہاں مقیم پاکستانی طلبہ کی مدد کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close