عمان میں روزگار کے خواہشمندوں کیلئے 2 لاکھ سے زائد اسامیوں کی خوشخبری سنادی گئی

مسقط ( پی این آئی ) عمان میں روزگار کے خواہشمندوں کیلئے 2 لاکھ سے زائد اسامیوں کی خوشخبری سنادی گئی ۔ عمانی میڈیا کے مطابق سلطنت کے وزیر محنت مہاد باون نے کہا کہ سلطنت عمان میں خصوصی ملازمتوں کے لیے اس وقت 2 لاکھ سے زیادہ آسامیاں خالی ہیں ، جن کے لیے وزارت فی الحال ماہر، تکنیکی اور درمیانے درجے کے پیشہ ور افراد کو نشانہ بنا رہی ہے کیوں کہ مارکیٹ میں 3,000 سے زیادہ پیشے ہیں جہاں مختلف شعبوں میں اسامیوں کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ 50 ہزار کے درمیان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت اس وقت وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ لوگوں کو تعلیمی میدان میں لیبر مارکیٹ میں داخل ہونے کا اہل بنایا جا سکے ، اس کے علاوہ اس سال کی دوسری ششماہی کے دوران کم از کم اجرت کا جائزہ لیا جائے گا ، کم از کم اجرت کا جائزہ مشترکہ کمیٹیوں کی ذمہ داری ہے اور اس کے ساتھ ایک مربوط نظام کام کرتا ہے اور اس سال کے دوسرے نصف میں اس حوالے سے جائزہ لیا جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں عمان کے دارالحکومت مسقط میں خاتون ٹیکسی پائلٹ منصوبے کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت ایک ‘فیمیل ٹیکسی’ سروس صرف خواتین ڈرائیوروں کے ذریعے چلائی جائے گی ، مسقط گورنریٹ میں آزمائشی بنیادوں پر شروع کی جانے والی اس سروس سے خواتین مسافروں، طلباء اور بچوں کو فائدہ پہنچنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں عمان نیوز ایجنسی (ONA) نے ایک بیان میں کہا کہ منسٹری آف ٹرانسپورٹ ، کمیونیکیشنز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی خواتین ٹیکسی سروس کو اوٹیکسی ایپلی کیشن کے لیے لائسنس فراہم کررہی ہے ، چاہے یہ فوری یا ایڈوانس ریزرویشن سسٹم کے ذریعے ہو ، ابتدائی طور پر یہ سروس گورنریٹ آف مسقط میں آزمائشی بنیادوں پر شروع کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close