لندن (پی این آئی)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دو روز قبل کابل ایئرپورٹ کے قریب ہونے والےامریکی ڈرون حملے پر ’معتبر اور شفاف تحقیقات‘ کا مطالبہ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پال او برائن نے کہا کہ امریکہ پر ذمہ عائد ہے کہ اس خاندان کے افراد کے نام بتائیں جو ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے ہیں، اپنے اقدامات کا اعتراف کریں اور متاثرین کو معاوضہ دیں۔بیان میں کہا گیا کہ دو دہائیوں تک امریکہ نے بغیر کسی احتساب ڈرون حملے کیے ہیں اور افغانستان اور دیگر ممالک میں امریکی اقدامات سے کئی عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ امریکہ نے اتوار کے روز کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ کیا تھا جس میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش خراسان کے مبینہ خودکش حملہ آور کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا تاہم افغان میڈیا نے امریکی ڈرون حملے میں متاثرہ افراد کے رشتے داروں کے حوالے سے رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق اس حملے میں سات بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے،دوسری طرف امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اتوار کو کابل میں ڈرون حملے میں 10 افغان شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں