داعش کو ختم کرنے کیلئے امریکا کا منصوبہ تیار، بڑے پیمانے پر داعش کیخلاف کارروائیوں کا اعلان

واشنگٹن (پی این آئی) امریکا نے افغانستان میں داعش پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی، داعش پر حملے کا منصوبہ صدر جوبائیڈن کو پیش کردیا گیا، داعش پر حملے کیلئے وسائل موجود ہیں، امریکی کمانڈرز نے کہا کہ افغانستان میں آئندہ چند دن سب سے زیادہ خطرناک ہیں۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق قومی سلامتی کی ٹیم نے امریکی صدر جوبائیڈن کو کابل میں ایک اور حملے سے متعلق خبردار کیا ہے۔ جس پر امریکی صدر نے داعش پر بھرپور حملہ کرنے کی تیاری کی ہدایت کی۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی کمانڈرز نے صدرجوبائیڈن کو داعش پرحملےکامنصوبہ پیش کردیا ہے۔ امریکی صدر کو آگاہ کیا گیا کہ داعش کےخلاف حملوں کے لیے مئوثر وسائل موجود ہیں، افغانستان میں آئندہ چند دن سب سے زیادہ خطرناک ہیں۔یاد رہے گزشتہ روز کابل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 170 ہوگئی ہے، جن میں 13 امریکی فوجی بھی شامل ہیں ، امریکی فوج کے 18 زخمی اہلکاروں کو جرمنی منتقل کر دیا گیا ہے۔امریکی فوج کے میجرجنرل ولیم ٹیلر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریکارڈ کی درستگی کیلئے بتانا ضروری ہےکہ کابل ایئرپورٹ کے باہر صرف ایک ہی دھماکہ ہوا تھا جو خودکش تھا، افغانستان سے اب تک ایک لاکھ 11 ہزار افراد کا انخلا ممکن ہوسکا ہے، ابھی مزید 5400 افراد کابل ایئرپورٹ پر منتظر ہیں، ان میں ایک ہزار امریکی شہری بھی موجود ہیں۔ پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اب بھی کابل ایئرپورٹ پر مزید دہشتگرد حملوں کا خطرہ موجود ہے، لیکن آخری لمحے تک انخلا کو یقینی بنائیں گے۔دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کابل ایئرپورٹ حملے میں امریکی فوجیوں سمیت درجنوں افراد کی ہلاکت اور متعدد زخمیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس سروسز کو کابل میں اسی طرح کے حملے کا خدشہ تھا۔ کابل میں حملے داعش نے کیے ہیں۔ خود داعش نے بھی ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ جوبائیڈن نے امریکی فوجیوں کی تعریف کی جنہوں نے کابل حملوں میں اپنی جانیں قربان کیں اور اس حملے کے مجرموں کا پیچھا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کابل ایئرپورٹ حملے میں ملوث افراد کو سخت سزا دیں گے اور انہیں ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ امریکی افواج افغانستان میں طاقت ، مضبوطی اور درستگی کے ساتھ دہشتگردوں کو جواب دیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں