اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لئے غیرملکی صحافیوں کے واہگہ کے راستے پاکستان آنے پر پابندی کا بھارتی فیصلہ انتہائی قابل مذمت، افسوسناک ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مودی حکومت کے ان دعووں کی نفی ہے جو اس کے وزیر خارجہ نے اعتدال پسندی، بات چیت اور عالمی قانون کے درس کے طور پر دنیا کو حال ہی میں دیا تھا۔ چوہدری فواد حسین کا ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ نئی دہلی میں مقیم نیویارک ٹائمز، رائیٹرز اور دی اکنامسٹ کے نمائندوں کو پاکستان آنے سے روکنا بھارت کے اس خوف میں مبتلا ہونے کا واضح ثبوت ہے کہ وہ سچائی کا سامنا نہیں کرسکتا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ میڈیا کے پیشہ وارانہ امور میں رکاوٹ ڈالنا اور آزادانہ رپورٹنگ کے مسلمہ بین الاقوامی حق سے روکنا 5 اگست 2019 کے فسطائی، یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کی انتہاءپسندانہ ذہنیت کا تسلسل ہے۔۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کا بنیادی حق استصواب رائے سلب کرنے کی کوشش کی گئی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بین الاقوامی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روک کر دنیا کی ”سب سے بڑی جمہوریت“ کا نام نہاد دعوی ایک بار بے نقاب ہوگیا۔۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں