واشنگٹن ( پی این آئی ) امریکی محکمہ خارجہ نے عراق میں تاحال موجودگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ عراق میں امریکی افواج کی موجودگی عراقی حکومت کی درخواست کے باعث ہے ۔العربیہ کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ ہماری فوج داعش کے خلاف جنگ کیلئے عراقی حکومت کی درخواست پر عراق میں موجود ہے ، عراق میں اپنی افواج کی موجودگی کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے ، اگلے پیر کے روز عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے استقبال کے منتظر ہیں ۔مصطفی الکاظمی کا 26جولائی کو واشنگٹن کا دورہ متوقع ہے جس میں وہ امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل عراقی وزیر اعظم کے مشیر حسین علاوی نے بتایا تھا کہ مصطفی الکاظمی کے دورہ امریکا کا مقصد امریکی مشاورتی افواج کو کم کرنے پر اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دینا ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں