19 جولائی سے کرونا وائرس کی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

لندن (آئی این پی ) برطانوی حکومت نے 19 جولائی سے عالمی وبا کرونا وائرس کی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ برطانوی میڈیاکے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ 19 جولائی سے برطانیہ میں ماسک پہننے کی پابندی ختم ہوجائے گی تاہم رضاکارانہ طور پر پہنا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے عائد کی گئی ایک میٹر کے سماجی فاصلے کی شرط اور گھروں میں صرف 6 افراد کی ملاقات پر پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔ برطانیہ میں 19 جولائی کے بعد تمام بزنس اور نائٹ کلب کھل جائیں گے جبکہ اسی طرح گھروں سے کام کرنے کی شرط بھی ختم کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا اور لوگوں کو وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے خود فیصلے کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل گزشتہ سال سے اب تک کرونا وائرس کے باعث برطانیہ میں ایک لاکھ 13ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں تھی۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں تقریبا کرونا ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے۔

close