سعودی عرب نے حج اور عمرہ نظام کے حوالے سے بڑا اعلان کر دیا

ریاض(پی این آئی ) سعودی عرب نے حج اور عمرہ نظام کے حوالے سے بڑا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب عمرہ اور حج کرنے والوں کے لیے مستقل جداگانہ نظام قائم کیا جائے گا۔ سعودی نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹرعبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ عمرہ اور حج کرنے والوں کے لیے مستقل جداگانہ نظام جلد جاری کیا جائے گا۔اُردو نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ حج درخواستوں کی جانچ پڑتال میں کوئی گڑبڑ نہیں ہوئی۔سارا کام مکمل مشینی نظام کے ذریعے انجام دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کی تعداد جتنی تھی اتنی ہی ہے۔ اس میں کوئی کمی بیشی نہیں کی گئی۔ حجاج اور معتمرین کا جداگانہ نظام جلد جاری ہوگا۔ سیکیورٹی اور انتظامی ضوابط جاری کیے جائیں گے تاکہ عمرہ زائرین اور حج زائرین کے درمیان کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہ پیدا ہو۔انہوں کہا کہ حج درخواستوں کی جانچ پڑتال کا کام اور پیکیج کے انتخاب کا عمل صرف الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے ہوا ہے۔اس میں کسی طرح کی کوئی انسانی مداخلت نہیں ہوئی۔نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ حج موسم میں نافذ کی جانے والی تمام پابندیاں ریڈ نشان ہیں- ان کی خلاف ورزی نہیں کی جاسکتی۔ڈاکٹرعبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ حاجیوں کے خیموں میں سماجی فاصلے کا اصول مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا۔ وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ درخواستیں دینے والوں کے نام پیغامات دو بنیادوں پر بھیجے جارہے ہیں۔پہلی بنیاد عمر کی زمرہ بندی ہے جیسے جیسے عمر کے مخصوص زمرے میں شامل امیدوار دستبردار ہوتے جائیں گے ویسے ویسے عمر کے دوسرے زمرے میں آنے والوں کو ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے۔دوسری بنیاد یہ ہے کہ آئندہ ایام میں جتنی نشستیں مہیا ہوں گی اسی کی بنیاد پر ایس ایم ایس روانہ کیے جائیں گے۔ سب سے پہلے ان درخواست دہندگان کو ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے جنہوں نے پہلے کبھی حج نہیں کیا ہوگا۔جن درخواست دہندگان کو ایس ایم ایس بھیجے جارہے ہیں وہ حج کی حتمی منظوری کے پیغامات نہیں ہیں۔تمام شرائط مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جب امیدوار درخواست کی ساری کارروائی مکمل کرلے گا تو اسے پیکیج کی رقم جمع کرانے کے لیے نمبر بھیجا جائے گا۔ پیکیج کی رقم نمبر ملنے کے تین گھنٹے کے اندر جمع کرانا ہوگی۔اس مہلت کے دوران رقم جمع نہ کرانے پر اس کی اصولی بکنگ منسوخ ہوجائے گی اور کسی اور شخص کو اس کا موقع دیا جائے گا۔ جن امیدواروں کو حج کا اجازت نامہ اس شرط کے ساتھ جاری ہو گا کہ وہ ویکسین کی دوسری خوراک بھی لگوا لیں، تو انہیں ویکسین کی دوسری خوراک بغیر انتظار کے لگا دی جائے گی۔ ڈاکٹر مشاط کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص حج اندراج منسوخ کرنا چاہتا ہو تو وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر اس کا آپشن دیا ہوا ہے۔ ضروری ہوگا کہ درخواست کی کارروائی مکمل ہونے سے قبل معذرت پیش کردے تاکہ آئندہ کسی مشکل سے دوچار نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں