شدید گرمی سے پریشان شہریوں کیلئے خوشخبری، مطلع ابر آلود، تیز ہوائوں اور موسلادھار بارشوں کی پیشنگوئی

ریاض(پی این آئی) سعودی عرب میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے ، اس شدت کی گرمی میں لوگوں کے لیے گھر سے ایک منٹ کے لیے بھی پیر دھرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ سب لوگ گھروں تک ہی محدود رہنے کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔اگرچہ گرمی کا یہ موسم اگلے کئی ہفتوں تک جاری رہے گا۔ تاہم آج کے حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہو گی۔سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق آج مکہ ،باحہ، جازان اور عسیر کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلودرہے گا، تیز ہوائیں چلیں گی اور وقفے وقفے سے بارش کا بھی بھرپور امکان ہے۔ تاہم ریاض، مشرقی ریجن اور حدود شمالی میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ آج سب سے زیادہ گرمی حفر الباطن میں پڑے گی جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ السودة کے علاقے میں ہوگا۔واضح رہے کہ اس سعودی عرب میں ریکارڈ گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اس حوالے سے سعودیہ کے مشہور ماہر موسمیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اگلے دو ماہ کے دوران مقامی اور تارکین افراد دوپہر کے وقت لمبے سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگلے 60 روز کے دوران صحرائی علاقوں میں ناقابل برداشت گرمی ہو گی، جس سے انسانی صحت اور زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ان دو ماہ کے دوران صحرائی علاقوں اور ان سے گزرنے والی شاہراہوں پر گرد و غبار کے جھکڑ بھی چلیں گی۔ خصوصاً سعودیہ کے علاقے جازان اور جنوب مغربی علاقوں میں دوپہر کے وقت قیامت کی گرمی ہو گی۔ جن افراد کو کہیں دُور کا سفر کرنا ہے، وہ صبح سویرے گھر سے نکلیں یا پھر شام کے وقت نکلنا مناسب رہے گا ورنہ مشکل میں گھر سکتے ہیں۔

close