کھٹمنڈو(شِنہوا)نیپال کے ڈرگ ریگولیٹر نے ملک میں چینی دوا ساز کمپنی سائنوویک بائیوٹیک کی تیار کردہ نوول کرونا وائرس ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دیدی ہے۔ نیپال عالمی وبا کی دوسری مہلک لہر کا سامنا کر رہا ہے۔یہ دوسری چینی ویکسین ہے جسے محکمہ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے نیپال میں ہنگامی استعمال کیلئے منظوری ملی ہے۔نیپال کی جانب سے پہلے بھی چین کے سائنوفارم کے تحت بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف بائیولوجیکل پراڈکٹس کمپنی لمیٹڈ کی تیار کردہ نوول کرونا وائرس ویکسین کے ملک میں ہنگامی استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے۔محکمہ کی جانب سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ سائنوویک لائف سائنسزکمپنی لمیٹڈ کی تیار کردہ نوول کرونا وائرس ویکسین (ویروسیل) غیر فعال( کرونا ویک) کے نیپال میں ہنگامی استعمال کی مشروط اجازت دیدی گئی ہے۔محکمہ کے مطابق اس ویکسین کو 18 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کیلئے منظوری دی گئی ہے۔محکمہ کے ڈائریکٹرجنرل بھارت بھٹارائی نے ہفتے کے روز شِنہوا کو بتایا کہ سائنو ویک کی منظوری ریگولیٹر کی جانب سے چینی کمپنی کے فراہم کردہ ڈیٹا کا مطالعہ مکمل کرنے کے بعد دی گئی ہے۔بھٹارائی نے کہا کہ یہ محکمہ سے باقاعدہ منظوری حاصل کرنیوالی آخری ویکسین ہے، ہمیں فی الحال منظوری کیلئے کسی بھی اضافی کمپنی سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں