برلن(آئی این پی )کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب جرمنی میں ایسٹر کے موقع پر سخت لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملک میں نافذ لاک ڈاون میں 18 اپریل تک کی توسیع کردی گئی ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق جرمنی میں وفاقی اور ریاستی رہنماں نے ایسٹر کی تعطیلات کے دوران سخت ترین
لاک ڈاون پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس حوالے سے جرمن چانسلر کا کہنا ہے کہ وائرس کی نئی قسم کی وجہ سے، ہمیں نئی وبا کا سامنا ہے۔جرمن چانسلر انجیلا مارکل نے منگل کے روز اعلان کیا کہ جرمنی میں نافذ موجودہ لاک ڈاون میں 18 اپریل تک کی توسیع کی جا رہی ہے۔ اس کے تحت ملک میں یکم اپریل سے پانچ اپریل تک یعنی ایسٹر کی تعطیلات کے دوران، پہلے سے بھی زیادہ سخت بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران روزمرہ گھریلو ضروری اشیا کے اسٹور سمیت تقریبا سبھی دکانیں بھی بند رہیں گی۔عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ پانچ روز ہ چھٹی کے دوران تقریبا تمام دکانیں اور اسٹور بند رہیں گے۔ روزمرہ گھریلو ضرورت کی اشیا کی دکانوں کو صرف تین اپریل تک کھلے رہنے کی اجازت ہے۔کوئی بھی جرمن شہری جو بیرون ملک میں ہو اسے جرمنی واپسی کے لیے فلائٹ لینے سے پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔قومی سطح پر موجودہ لاک ڈاون میں 18 اپریل تک کی توسیع کر دی گئی ہے جبکہ پہلے اس لاک ڈاون کو 28 مارچ تک کے لیے ہی نافذ کیا گیا تھا۔نئے اعلان کے مطابق اگر کسی علاقے میں تین دن تک مسلسل سو سے زیادہ متاثرین پائے گئے تو اس خاص علاقے میں اور زیادہ سخت بندشیں عائد کی جائیں گی۔ اس دوران تمام میوزیم، آرٹ گیلریزی اور کھیل کے دیگر مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں